عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ /جموں و کشمیر پولیس نے سرحد پار سرگرم ملی ٹینٹ نیٹ ورک کے خلاف ایک اہم آپریشن میں پاکستان میں مقیم ایک ملی ٹینٹ ہینڈلر اور لانچ کمانڈر کی جائیداد کو یو اے پی اے کے تحت ضبط کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ضبطی کی یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 194/2024 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی، جو پولیس اسٹیشن گرسائی میں درج ہے۔ ضبط کی گئی ملکیت میں 4 مرلے اور 2 سرسائی پر مشتمل زرعی رقبہ شامل ہے، جو تحصیل مینڈھر کے ناڑنکہمنجیاڑی علاقے میں واقع ہے۔
یہ جائیداد رفیق نائی عرف سلطان ولد محمد افضل کی ہے، جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہے اور کالعدم تنظیم تحریک المجاہدین/جموں کشمیر غزنوی فورس کا سرگرم لانچ کمانڈر و ہینڈلر ہے۔ پولیس بیان کے مطابق رفیق نائی منشیات و اسلحے کی اسمگلنگ، تربیت یافتہ ملی ٹینٹوں کی دراندازی میں مدد، اور پونچھ۔ راجوری خطے میں ملی ٹینسی سرگرمیوں کی بحالی میں براہِ راست ملوث ہے۔رفیق نائی کو نامزد انفرادی ملی ٹینٹ قرار دیا گیا ہے اور وہ قتل، اقدام قتل، سازش، اسلحہ ایکٹ، اور یو اے پی اے کی متعدد دفعات کے تحت کئی سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔
ان میں 2003، 2004، 2006، 2020، 2021، 2022 اور 2024 کے متعدد مقدمات شامل ہیں جن میں ملی ٹینسی اور اسلحہ اسمگلنگ کے سنگین الزامات درج ہیں۔پولیس اور محکمہ مال کی مشترکہ ٹیم نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ضبطی کی کارروائی انجام دی، جس میں موقع پر جانچ، دستاویزات کی تکمیل اور مجاز اتھارٹی کی منظوری شامل تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قدم ملی ٹینسی نیٹ ورک کی مالی کمر توڑنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، تاکہ کسی بھی ایسے فرد یا گروہ کو وسائل فراہم نہ ہو سکیں جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔
پونچھ میں سرحد پار ملی ٹینسی کے خلاف بڑی کارروائی، پاکستان مقیم ملی ٹینٹ ہینڈلر کی جائیداد ضبط