عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //چند روز قبل ہماچل پردیش کے بلاس پور ضلع میں ایک کشمیری شال بیچنے والے پر وحشیانہ حملے کے سلسلے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جبکہ بدھ کے روز ہی ہریانہ کے فتح آباد علاقے میں ایک کشمیری شال فروش کو گلے سے پکڑ کر اسکی مارپیٹ کی گئی اور علاقہ چھوڑنے کی دھمکی دی گئی۔اسی ہفتے اترا کھنڈ میں ایک کشمیری شال فروش نوجوان کو لہولہان کیا گیا۔پچھلے ایک ہفتے میں کم سے کم 4ایسے واقعات پیش آئے ہیں جس میں چار کشمیریوں کی مارپیٹ کر کے انکا مال تہس نہس کر کے انہیں علاقہ چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ اسی دوران دلی میں ایک کشمیری لڑکی کو کرایہ پر کمرہ نہیں دیا گیا جس کے بعد اس نے فیس بک پر اسکی ویڈیو شیئر کی۔دو تازہ واقعات میں کشمیری شال بیچنے والا اپنے روزمرہ کے کام پر جا رہا تھا کہ ہماچل کے گھمرون تحصیل کے گائوں کٹھیرا کے قریب تین نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا جن کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے اس سے کچھ نہیں پوچھا اور اچانک حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران، انہوں نے موقع سے فرار ہونے سے پہلے، تقریباً 20,000 روپے کی شال سمیت فروخت کے لیے بنائے گئے ملبوسات کو توڑ پھوڑ اور تباہ کر دیا۔دوسرا واقعہ فتح آباد ہریانہ کا ہے۔ہماچل سے رپورٹ ہونے والے کئی دیگر واقعات میں کشمیری شال بیچنے والوں کو درست شناختی کاغذات رکھنے اور پولیس تصدیق کے باوجود روکا گیا، پوچھ گچھ کی گئی اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ انہیں مبینہ طور پر کہا گیا کہ وہ “واپس چلے جائیں” اور ریاست میں اپنا کاروبار نہ کریں۔ سولن اور کانگڑا کے واقعات ابھی تازہ ہی تھے کہ یہ دو واقعات پیش آئے ہیں۔صرف اس سال ہماچل پردیش میں کشمیری شال بیچنے والوں پر حملہ، دھمکیاں اور ہراساں کرنے کے کم از کم 18 واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کھوہامی نے کہا کہ ان معاملات کو ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کے میڈیا ایڈوائزر کے ساتھ اٹھائے جانے کے بعد، ایسوسی ایشن کو بتایا گیا کہ فوری طور پر ایک کیس درج کیا گیا ہے اور پولیس ٹیموں کو بغیر کسی تاخیر کے متحرک کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کر دیا گیا، متعدد مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور جلد ہی مجرموں کی گرفتاری کی امید ہے۔ایسوسی ایشن نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک مکتوب میں شمالی ہندوستان میں کشمیری طلبا اور شال فروشوں کو بلا روک ٹوک دھمکیاں دینے پر مداخلت کی درخواست کی۔خط میں کہا گیا ہے کہ مسلسل عدم فعالیت نے شرپسندوں کو حوصلہ دیا ہے اور خوف کا ماحول پیدا کیا ہے۔خط میںکہا گیا ہے کہ کئی ریاستوں میں، حکام کی بروقت مداخلت نے کشمیری طلبا اور تاجروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد کی تاہم، ہماچل پردیش ایک گہری پریشان کن تصویر پیش کرتا ہے۔جب کہ زمینی سطح پر موثر کارروائی بڑی حد تک غائب ہے۔