عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //ملک بھر میں اس وقت سردی کا بول بالا ہے۔ شمالی ہندوستان کی پہاڑی ریاستوں میں برف باری کے باعث شدید سردی بڑھ گئی ہےاور شمالی بھارت کے اتر پردیش، بہار اور آسام میں دھند کی چادر چھائی ہوئی تھی۔ اس سے ہوائی سفر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انڈیگو اور اسپائس جیٹ سمیت کئی ایئر لائنز نے سفری مشورے جاری کیے ہیں۔ ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ خراب موسم اور دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔دہلی والوں کو منگل کی صبح سردی اور آلودگی سے کوئی راحت نہیں ملی اور قومی دارالحکومت میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) انتہائی خراب زمرے میں ہے، جس سے بہت سے لوگوں کو آسانی سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، قومی دارالحکومت کی کل صبح تقریباً 9 بجے اے کیو آئی کی سطح 389 تھی، جوانتہائی ناقص زمرے میں آتی ہے، جب کہ آنند وہار، اشوک وہار، چاندنی چوک، جہانگیر پوری، نہرو نگر، نارتھ کیمپس، روہنی اور وزیر پور سمیت کئی مقامات پر اے کیو آئی کی سطح 400 سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جو ’انتہائی خراب‘ کے زمرے میں آتی ہے۔دریں اثنا، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ کے گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان کے تحت مرحلہ 3 کی پابندیاں دہلی-این سی آر خطے میں نافذ العمل ہیں۔متعلقہ حکام اور ایجنسیاں سخت موقف اختیار کر رہی ہیں اور اپنی کوششوں کو دھول پر قابو پانے اور آلودگی کو کم کرنے کے دیگر اقدامات کی طرف مرکوز کر رہی ہیں جیسا کہ گریپ کے مرحلہ 3 میں بیان کیا گیا ہے۔گریپ-4 کو 24 دسمبر کو سب کمیٹی نے ہوا کے معیار کے اشاریہ میں کچھ بہتری دیکھنے کے بعد اٹھالیا تھا۔دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گہرے کہرے کے سبب منگل کے روز 115سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور 16 پروازوں کا روٹ تبدیل کیا گیا۔دہلی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ کے مطابق، صبح آٹھ بجے تک مختلف ایئرلائنز کی دہلی سے روانہ ہونے والی 58 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں سے دہلی آنے والی تقریباً 60 پروازیں بھی منسوخ رہیں اور 16 کے روٹ تبدیل کئے گئے۔ اس کے علاوہ 200 سے زائد پروازوں میں تاخیر کی اطلاع ہے۔ایئرلائن کمپنیوں نے بھی مسافروں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں اور انہیں مشورہ دیا ہے کہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال ضرور معلوم کر لیں۔