پانی کے ذخائرزرعی پیداوار کا ذریعہ :لیفٹیننٹ گورنر
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو لوک بھون میں جموں کشمیر بینک کے سال2026کیلئے کلینڈر کی نقاب کشائی کی۔سال2026کے لیے جموں وکشمیر بینک کے دیوار کلینڈر کی تھیم’جموں وکشمیر اور لداخ کے دریا‘ہے، جبکہ ٹیبل کلینڈر خطے کے تاریخی مقامات کو ظاہر کرتا ہے، جو انسانی ورثے کے تنوع اور مرکزی زیرانتظام علاقوںجموں و کشمیر اور لداخ کے قدرتی عجائبات کی عکاسی کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے منفرد موضوعات کے انتخاب کیلئے جے اینڈ کے بینک کی تعریف کی جو آنے والی نسلوں کے لیے قدیم یادگاروں، آثار قدیمہ کے مقامات اور روایات کے تحفظ کے بارے میں بیداری پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو ان انمول خزانوں کی حفاظت کیلئے اکٹھا ہونا چاہئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے زمین کے اہم ماحولیاتی نظام کی حفاظت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں دریا تازہ پانی کا ذریعہ ہیں اور وہ خوراک کی حفاظت کو بھی یقینی بنا رہے ہیں اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں معاونت کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مستقبل میں آب و ہوا کے اثرات کے خلاف لچک پیدا کرنے کیلئے دریاؤں اور آبی ذخائر کے تحفظ کیلئے کمیونٹی کی کوششوں پر زور دیا۔امیتاوا چٹرجی، منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او، جموں اور کشمیر بینک لمیٹڈ نے بتایا کہ جے اینڈکے بینک کے کلینڈر 2026 ایڈیشن ان دریاؤں کا احترام کرتا ہے جو تمام خطوں میں زندگی کو برقرار رکھتے ہیں اور ان تاریخی مقامات کو جو ان کی مشترکہ میراث کی وضاحت کرتے ہیں۔کلینڈر میں عوامی فلاح و بہبود کے اہم اقدامات جیسے مشن یووا اور پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا، بشمول جے اینڈ کے بینک کے اہم پروڈکٹس بشمول ہاؤسنگ لون، کار لون، پرسنل کنزمپشن لون اور آن لائن اکاؤنٹ کھولنا، ایک ترقیاتی پارٹنر کے طور پر بینک کے کردار کو تقویت دینے اور لوگوں کی امنگوں کے سہولت کار کے طور پر بھی شامل ہیں۔پرنسپل سکریٹری محکمہ خزانہ سنتوش ڈی ویدیا، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، ایگزیکٹو ڈائریکٹرسدھیر گپتا، سنیت کمار اور امتیاز احمد، چیف جنرل منیجرز جے اینڈ کے بینک نے نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔