یو این آئی
سرینگر// کرائم برانچ جموں وکشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے سال 2025 کے دوران غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگین اور پیچیدہ معاشی جرائم سے متعلق ایک سو ایف آئی آرز کو کامیابی سے نمٹایا۔ونگ ترجمان نے بتایا کہ ‘سال 2025 کے دوران عوام اور سرکاری اداروں کی جانب سے موصول ہونے والے 1270 شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ان کا حل نکالا گیا، ہر شکایت کو حقائق اور قانونی بنیادوں پر پرکھا گیا جہاں ضروری ہوا، مناسب کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ دیگر معاملات کو قانونی رہنمائی کے ذریعے حل کیا گیا جس سے شفافیت، طریقہ کار کی منصفانہ پیروی اور بر وقت ریلیف کو یقینی بنایا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘سال 2025 میں 290 ابتدائی اور متفرق انکوائرز انجام دی گئیں تاکہ ابتدائی مرحلے پر حقائق کی تصدیق ، قابل دست اندازی جرائم کی نشاندہی اور تنازعات کے بڑھنے سے پہلے ان کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے، کئی معاملات انکوائری کے مرحلے پر ہی قانونی وضاحت کے ذریعے حل کر دئے گئے جس سے غیر ضروری قانونی چارہ جوئی میں کمی آئی اور قیمتی عوامی وسائل محفوظ رہے’۔موصوف ترجمان نے بتایا: ‘ملازمت سے متعلق دھوکہ دہی کے مقدمات ایک نمایاں حصہ رہے، ان میں سرکاری ملازمتوں اور بیرون ملک روزگار کے جھوٹے وعدے شامل تھے جو بالخصوص بے روز گار نوجوانوں کو نشانہ بناتے تھے، ونگ نے اراضی فراڈ، نقالی (بھیس بدل کر دھوکہ دینے)، دھوکہ دہی اور دستاویزات کی جعل سازی کے متعدد مقدمات کی بھی تفتیش کی خاص طور پر وادی میں سرگرم جعلی جاب کنسلٹنسیز پر خصوصی توجہ دی گئی’۔بیان میں کہا گیا کہ سال 2025 کے دوران اراضی دلالوں کے منظم نیٹ ورکس، عادی مجرموں اور پیشہ ور فراڈیوں کی نشاندہی کی گئی اور انہیں قانون کے تحت گرفتار کیا گیا جس سے معاشی جرائم میں ملوث عناصر کے لئے ایک سخت پیغام گیا۔