عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// دستکاری اور ہینڈ لوم محکمہ کشمیر نے پیر کو اپنے چار نامور دستکاروں کواعزازات سے نوازا جنہیں حال ہی میں نئی دہلی میں صدر جمہوریہ نے قومی ایوارڈسے نوازاتھا۔ایم ایل اے جڈی بل تنویر صادق نے ایوارڈ یافتگان کو سرٹیفکیٹ اور یادگاری مومنٹو پیش کیے جن میں قالین بننے کے لیے منظور احمد خان، سوزنی کڑھائی کے لیے خواجہ نذیر علی، سوزنی کڑھائی کے لیے میر ارشد حسین اور مشکورہ بیگم سوزنی کڑھائی کیلئے شامل ہیں۔اپنے خطاب میں تنویر صادق نے جیتنے والوں کو کشمیر کے مشہور دستکاری شعبے کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس طرح کی تقاریب کے انعقاد کیلئے محکمہ کی بھی تعریف کی۔کرافٹس ہال آف فیم بنانے کے مطالبے کے جواب میں تنویر صادق نے محکمہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا کیونکہ یہ کشمیر کے انتہائی ہنر مند دستکاروں کو عوامی دائرہ کار میں لائے گا۔