عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل کہا کہ این سی کی اصل طاقت تنظیمی ربط و ضبط، کارکنوں کی یکجہتی اور عوام کے ساتھ مضبوط اور مسلسل رابطہ ہے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری سیاست کا محور رہی ہے۔ چاہے وہ تعلیم کا شعبہ ہو، صحت کی سہولیات، روزگار کے مواقع، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی یا سماجی انصاف،نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ عوام دوست پالیسیاں اپنائی ہیں۔ ہم نے اقتدار کو کبھی مقصد نہیں بنایا بلکہ اسے عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ایک بار پھر وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط کریں، پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لائیں اور عوام کے مسائل کو اپنی آواز بنائیں اور آنے والے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد جماعت ہے جو جموں و کشمیر کے تمام خطوں، تمام طبقوں اور تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس موقعے پر ترجمانِ اعلیٰ و ایم ایل اے زیڈی بل تنویر صادق، ترجمان عمران نبی ڈار کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔