حکام پران کی ملکیتی اراضی کوبنڈکی تعمیر کیلئے نشان زد کرنے کاالزام
عازم جان
حاجن//جھیل ولر کی حدبندی کرکے ا س کے گردبنڈتعمیرکرنے کیخلاف حاجن سوناواری میں کسانوں نے پُرامن احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جھیل کی حدبندی کے دوران ان کی نجی اراضی کے اندر بھی سرکار نے نشانیاں لگائی ہیں ،جس سے اراضی مالکان میں تشویش پیداہوئی ہے۔کسانوں نے واضح کیا کہ وہ ترقیاتی کاموں اورجھیل کوخوبصورت بنانے کیلئے اس کی حدبندی کرکے بنڈ تعمیرکرنے کیخلاف نہیں ہیں،تاہم انہوں نے کہا کہ جب سرکار کے پاس جنگلاتی اراضی دستیاب ہے تو کسانوں کی نجی اراضی پرنشان لگا نے کی کیاضرورت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ایجنسی ولرکنزرویشن اینڈمنیجمنٹ اتھارٹی (WUCMA) جنگلاتی اراضی پرہی تعمیراتی کام کرے۔مقامی کسانوں نے کہا کہ ان کی اراضی میں حدبندی کے نشانات لگنے اوربعد میں بنڈتعمیرہونے سے ان کے کھیتوں کے بیچ دیوارکھڑی کی جارہی ہے۔انہوں نے فوری طور جھیل کی نئی حدبندی کامطالبہ کیااورخبردارکیا کہ کسی بھی طور ان کی اراضی کونہ لیاجائے۔کسانوں نے کہا کہ ان کی اراضی نجی ملکیت ہے جس کی تصدیق محکمہ مال کے ریکارڈ سے ہوسکتی ہے۔اس دوران اپنی پارٹی کے رہنماامتیازپرے نے موقعہ پرپہنچ کر کسانوں سے بات کی اورحکام سے مطالبہ کیا کہ اس کام کوعارضی طوربندکیاجائے اور نئی حدبندی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بنڈ کی تعمیرکسانوں کی اراضی اوران کی روزی روٹی کی قیمت پرنہیں کیاجاناچاہیے۔دریں اثناء ولرکنزرویشن اینڈمنیجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے کہا کہ تعمیراتی کام عدالت عالیہ کے احکامات کے تحت ہورہا ہے اوراراضی کی ملکیت پرکسانوں کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ہے۔