محتشم احتشام
پونچھ//سینئر سماجی کارکن اور ماہرِ تعلیم شازیہ میر منہاس نے رکن پارلیمنٹ ست شرماسے ملاقات کی۔ اس موقع پر شازیہ میر منہاس نے پارلیمنٹ میں پونچھ سے بڈھا امرناتھ مندر تک سڑک کے دیرینہ مطالبے کو مؤثر انداز میں اٹھانے پر ست شرما کو مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران شازیہ میر منہاس نے کہا کہ پیر پنچال خطے کے عوام کی دیرینہ مشکلات کو قومی سطح پر اجاگر کرنا نہایت خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پونچھ تا بڈھا امرناتھ سڑک صر یاترا روڈ نہ صرف مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے اہم ہے بلکہ اس سے سرحدی و پہاڑی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات تک رسائی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔گفتگو کے دوران خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے سماجی سطح پر درپیش چیلنجز، تعلیم، تحفظ اور بااختیار بنانے سے متعلق اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے لئے خواتین اور بچوں کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔اس کے علاوہ، انہوں نے سرکاری ملازمین کے تحفظِ مستقبل کے حوالے سے خدشات سے بھی ست شرما کو آگاہ کیا اور اولڈ پنشن اسکیم پر نظرِ ثانی کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنشن کا نظام ملازمین کے معاشی تحفظ کا بنیادی ستون ہے، جس پر ہمدردانہ غور ضروری ہے۔ست شرما نے تمام نکات کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مفاد سے جڑے حقیقی مسائل کو مناسب فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ہمہ جہت ترقی، عوامی فلاح اور ملازمین کے جائز مطالبات ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔