محتشم احتشام
پونچھ//چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (سی ڈبلیو سی) پونچھ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک کمسن بچے کو بچہ مزدوری سے نجات دلائی اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اسے اس کے اہلِ خانہ کے ساتھ علی گڑھ میں بحفاظت ملا دیا۔ یہ کامیاب اقدام بچوں کے حقوق کے تحفظ کی ایک قابلِ تقلید مثال بن کر سامنے آیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پونچھ میں ایک نابالغ بچے کو مزدوری میں ملوث پایا گیا۔ معاملے کی حساسیت کے پیشِ نظر فوری ایکشن لیتے ہوئے بچے کو بازیاب کر کے سی ڈبلیو سی پونچھ کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں اسے ضروری نگہداشت، کونسلنگ اور جذباتی سہارا فراہم کیا گیا۔ کونسلنگ کے بعد کیس کو ضابطے کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے رکھا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات اور منظوری کے بعد بچے کی بحفاظت وطن واپسی کا انتظام کیا گیا اور اسے اس کے اہلِ خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔اس کامیاب کارروائی میں روہت کھجوریہ کی لگن اور بروقت اقدام نے کلیدی کردار ادا کیا۔ سی ڈبلیو سی پونچھ نے ان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی عملی اقدامات کی بدولت ایک بچہ استحصال سے نکل کر محفوظ اور روشن مستقبل کی طرف لوٹا۔قابلِ ذکر ہے کہ پوری بازیابی اور بحالی کا عمل ڈی سی پی او کی نگرانی میں انجام پایا، جس سے یہ یقینی بنایا گیا کہ تمام قانونی و فلاحی تقاضے بچے کے بہترین مفاد میں پورے ہوں۔چائلڈ ویلفیئر کمیٹی پونچھ کے آفیسر نے عوام کو پیغام دیا ہے کہ ہر بچے کو محفوظ بچپن کا حق حاصل ہے—چائلڈ لیبر اور ہر طرح کا استحصال بچوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا سی ڈبلیو سی پونچھ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ضرورت مند ہر بچے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔