عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کی کالاکوٹ سب ڈویژن کے علاقے خرگالا میں ہفتہ کے روز پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو ملا، جہاں سینکڑوں دیہاتیوں، جن میں قبائلی طبقے کے افراد بھی شامل تھے، نے منظور شدہ سڑک منصوبے میں غیر معمولی تاخیر کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔احتجاج کی قیادت ایم ایل اے کالاکوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ نے کی، جنہوں نے منصوبے کی منظوری کے باوجود تعمیراتی کام کی سست رفتاری پر شدید برہمی ظاہر کی۔ مظاہرین نے پی ڈبلیو ڈی اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فوری طور پر سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے ٹھاکر رندھیر سنگھ نے کہا کہ سڑک کی عدم دستیابی کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کافی عرصہ قبل منظور ہو چکا ہے، مگر اس کے باوجود کام میں تاخیر عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔مظاہرین کا الزام تھا کہ متعلقہ ٹھیکیدار جان بوجھ کر تعمیراتی کام میں تاخیر کر رہا ہے جبکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی اس کی پشت پناہی کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بڑی آبادی بنیادی سڑک سہولت سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ مشکلات طلبہ، مریضوں، کسانوں اور قبائلی خاندانوں کو پیش آ رہی ہیں۔ بارش اور خراب موسم کے دوران حالات مزید سنگین ہو جاتے ہیں، جس سے اسکول جانے والے بچوں، حاملہ خواتین اور بیمار افراد کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی جنگلاتی اراضی کے مسائل کا بہانہ بنا کر منصوبے کو غیر ضروری طور پر طول دے رہا ہے، جسے انہوں نے ناقابل قبول قرار دیا۔ مظاہرین کے مطابق اگر واقعی کوئی مسئلہ درپیش ہے تو اسے بروقت حل کیا جانا چاہیے تھا۔احتجاج کی اطلاع ملتے ہی تحصیلدار کالاکوٹ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی اور دیگر سینئر افسران موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے بات چیت کی۔ افسران نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے گا اور سڑک کی تعمیر میں تیزی لائی جائے گی۔ یقین دہانی کے بعد احتجاج پْرامن طور پر ختم کر دیا گیا۔