عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کو لال قلعہ دھماکہ کیس کے7ملزمان کی عدالتی تحویل میں 15 دن کی توسیع کر دی۔عدالت نے ڈاکٹر عدیل راتھر، ڈاکٹر مزمل گنائی، ڈاکٹر شاہین سعید، مولوی عرفان احمد وگے، جاسر بلال وانی، عامر رشید اور سویاب کو مزید 15 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔اس سے پہلے تینوں ڈاکٹروں اور وگے کو 12 دسمبر کو 12 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا گیا تھا۔عامر اور وانی کو 10 دسمبر کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔ سویاب کو 19 دسمبر کو پانچ دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔این آئی اے نے ساتوں ملزمین کو ان کی سابقہ عدالتی حراست کی مدت ختم ہونے پر بدھ کو سخت سیکورٹی کے درمیان پٹیالہ ہائوس کورٹ میں پیش کیا۔ساتوں ملزمان کو ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرما کے سامنے پیش کیا گیا، جنہوں نے ان سبھی کو 8 جنوری تک عدالتی حراست میں بھیج دیا۔این آئی اے نے 9 دسمبر کو دہلی سے ڈاکٹر نصیر بلال ملہ کو بھی گرفتار کیا تھا اور انہیں اس سازش کا اہم ملزم قرار دیا تھا۔ ان پر عمر النبی کو پناہ دینے، انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے اور دہشت گردی کے حملے سے متعلق شواہد کو تباہ کرنے کا الزام تھا۔18 دسمبر کو، این آئی اے نے کیس کے نویں ملزم یاسر احمد ڈار کو گرفتار کیا، جو جموں و کشمیر کا رہائشی ہے اور مبینہ طور پر عمر النبی کا قریبی ساتھی ہے۔