عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر بک سیلرز اینڈ سٹیشنرز ایسوسی ایشن (KBSA)کے ایک وفد نے صدر مدثر احمد پوش اور جنرل سیکرٹری وسیم جاوید زرگر کی قیادت میںوزیر تعلیم سکینہ ایتو سے ملاقات کی تاکہ جموں و کشمیر میں کتابوں کی تجارت سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ملاقات کے دوران وفد نے کتب فروشوں اور سٹیشنرز کو درپیش اہم خدشات اور چیلنجز کے ساتھ ساتھ تجارت کے ہموار کام سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔ وزیرموصوفہ نے اٹھائے گئے مسائل کو تحمل سے سنا اور خوشگوار اور تعمیری انداز میں جواب دیا۔وزیر تعلیم نے کتب فروشوں اور سٹیشنرز ایسوسی ایشن کے مفادات اور ساکھ کے تحفظ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے حقیقی خدشات کو دور کرنے کیلئے ایسوسی ایشن کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وفد نے وزیرموصوفہ کے مثبت نقطہ نظر، قابل قدر یقین دہانی اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔