عظمیٰ نیوز سروس
اجمیر//صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی (غریب نواز) کے 814 ویں عرس پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے چادر پیش کرنے کے بعد، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اب ایک اور چادر بھیجی ہے۔ یہ چادر درگاہ کمیٹی کے سابق نائب صدر منور خان لائے تھے۔ انہوں نے اسے مزار پر چڑھایا اور وزیر دفاع کے عرس کا پیغام پڑھ کر سنایا۔درگاہ پر لاکھوں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں وی آئی پیز کی چادریں بھی اجمیر پہنچ رہی ہیں۔ منگل کی دوپہر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی چادر عرس مبارک کے لیے اجمیر پہنچی۔ سخت سیکورٹی کے درمیان درگاہ کمیٹی کے سابق نائب صدر منور خان اور بی جے پی لیڈروں نے مشترکہ طور پر درگاہ پر چادر چڑھائی۔ اس موقع پر خواجہ صاحب کے مزار پر ملکی ترقی، کامیابی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔درگاہ کمیٹی کے سابق نائب صدر منور خان نے کہا کہ چادر چڑھانے کے بعد درگاہ کے بلند دروازہ پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا ایک پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ جس میں انہوں نے اہل وطن کو خواجہ غریب نواز کے عرس کی مبارکباد دی۔