محتشم احتشام
پونچھ//گڈ گورننس ڈے کے موقع پر ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے ڈی سی آفس پونچھ میں ایک میگا پبلک سروس ڈیلیوری اور شکایات ازالہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا تھا۔ اس عوامی اہمیت کے حامل پروگرام میں محکمہ سماجی بہبود نے گڈ گورننس کے عملی نفاذ کے عزم کے تحت فعال اور مؤثر شرکت کی۔کیمپ میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبہ جات، اور تحصیل آفس حویلی شامل تھے، نے عوام کو موقع پر ہی سہولیات فراہم کیں۔ اس دوران شہریوں کو سماجی بہبود، خواتین کی فلاح، بچوں کے تحفظ اور سماجی تحفظ سے متعلق مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔یہ پروگرام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفٰی ملک کی قیادت میں منعقد ہوا، جبکہ محمد سعید اور شکیل ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی شہباز احمد، اعجاز صدیقی اور محبوب نواب نے کی، جبکہ ون اسٹاپ سینٹر کی جانب سے سویتا شرما، گرپریت سنگھ، رزاق احمد اور دذھیرج نے خدمات انجام دیں۔ محکمہ کی مجموعی نگرانی خلیل احمد بانڈے کے زیرِ نگرانی کی گئی۔کیمپ کے دوران محکمہ کے افسران اور عملے نے عوام سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کی شکایات سنی اور موقع پر ہی ان کے ازالے کی کوشش کی۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے کیمپس سے سرکاری خدمات تک براہِ راست رسائی ممکن ہوتی ہے۔ یہ میگا کیمپ ضلع پونچھ میں شفافیت، مؤثر عوامی خدمات اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے مضبوط عزم کا واضح مظہر ثابت ہوا۔