یو این آئی
نئی دہلی//اڈانی گروپ کی اپنی تین سیمنٹ کمپنیوں کو ضم کرنے کے منصوبے کے ضمن میں اے سی سی اور اورینٹ سیمنٹ کے امبوجا سیمنٹ کے ساتھ انضمام کی تجاویز کو متعلقہ کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرس سے منظوری مل گئی ہے۔تینوں کمپنیوں نے پیر کی رات شیئر بازاروں کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔ اس فیصلے پر فی الحال حصص یافتگان اور ریگولیٹری حکام کی منظوری لینا باقی ہے۔اے سی سی اور اورینٹ سیمنٹ امبوجا سیمنٹ کی اکائیاں ہیں۔ امبوجا سیمنٹ کو فی الحال اے سی سی میں 50.05فیصد حصص حاصل ہیں۔ اے سی سی کے ہر شیئر ہولڈر کو 10 روپے مالیت کے ہر 100 حصص کے عوض امبوجا سیمنٹ کے 2 روپے مالیت والے 328 حصص الاٹ کیے جائیں گے جبکہ اورینٹ سیمنٹ کے شیئر ہولڈرس کو ایک روپے مالیت کے ہر 100 حصص کے عوض امبوجا سیمنٹ کے 33 حصص الاٹ کیے جائیں گے۔امبوجا سیمنٹ نے کہا کہ انضمام کے اس منصوبے کی تکمیل سے کاروبار میں آسانی ہوگی اور بیلنس شیٹ مضبوط ہوگی۔ تینوں کمپنیوں کی مینوفیکچرنگ سہولیات اور سپلائی چین کے انضمام سے گروپ کا ڈھانچہ آسان ہو جائے گا۔انضمام کے منصوبے میں ایک روپیہ کا بھی لین دین شامل نہیں ہوگا۔ اے سی سی سیمنٹ کا انضمام یکم جنوری 2026 سے اور اورینٹ سیمنٹ کا انضمام یکم مئی 2025سے نافذ ہوگا۔ تینوں کمپنیوں کی مشترکہ پیداواری صلاحیت 10.70لاکھ ٹن سالانہ ہے۔مالی سال 2024-25میں، امبوجا سیمنٹ کی مجموعی آمدنی 35,045 کروڑ تھی اور 31مارچ 2025 تک اس کی مجموعی مالیت 63,811کروڑ تھی۔ اے سی سی کی مجموعی آمدنی 21,762 کروڑ تھی اور اس کی مجموعی مالیت 95,580 کروڑ ہے۔ دریں اثنا، اورینٹ سیمنٹ کی آمدنی 2,709 کروڑ تھی اور اس کی مجموعی مالیت 1,808 کروڑ ہے۔