یواین آئی
بنگلورو/ وجے ہزارے ٹرافی کے منتظر شائقینِ کرکٹ کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے ۔ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں شیڈول تمام میچز، بشمول ویراٹ کوہلی اور رشبھ پنت کا ہائی پروفائل افتتاحی مقابلہ، بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس منتقل کر دیے گئے ہیں۔کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کو منگل کی صبح وزارتِ داخلہ کی جانب سے ان احکامات سے آگاہ کیا گیا۔ دو ہفتوں کے دوران وینیو میں یہ دوسری بڑی تبدیلی ہے : انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ بنگلورو میں ہونے والے تمام میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے ۔ بنگلورو پولیس نے سی او ای کے گرد و نواح میں سخت ترین سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔کے ایس سی اے نے امید ظاہر کی تھی کہ کوہلی اور پنت کی موجودگی کے پیشِ نظر کم از کم دو اسٹینڈز عوام کے لیے کھولے جائیں گے ، جہاں 2 سے 3 ہزار شائقین بیٹھ سکتے تھے ، تاہم حکومت نے اس تجویز کو مسترد کر دیا، اسٹیڈیم کے کئی حصوں میں ابھی مرمت اور بہتری کا کام جاری ہے ، جس کی وجہ سے اسے ‘غیر محفوظ’ قرار دیا گیا۔چھٹیوں کا سیزن: ریاستی حکومت کرسمس اور نئے سال کی چھٹیوں کے دوران شہر کے وسط میں ٹریفک اور ہجوم کی وجہ سے کسی بھی قسم کی بد نظمی نہیں چاہتی۔