یواین آئی
نئی دہلی/ اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ہندوستان کے مایہ ناز جیولن تھروور (بھالا پھینکنے والے کھلاڑی) نیرج چوپڑا نے اپنی اہلیہ ہیمانی مور کے ہمراہ منگل کو وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے انتہائی خوشگوار قرار دیا۔وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے آفیشل ہینڈل پر لکھا،آج صبح 7 لوک کلیان مارگ پر نیرج چوپڑا اور ان کی اہلیہ ہیمانی مور سے ملاقات ہوئی۔ اس دوران ہم نے کھیلوں کی ترقی سمیت مختلف اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔”واضح رہے کہ وزیراعظم مودی ہمیشہ سے نیرج چوپڑا کے فٹنس سے متعلق اقدامات کے مداح رہے ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں بھی وزیراعظم نے ‘فٹ انڈیا’ اسکیم کے حوالے سے نیرج کے ایک مضمون کی تعریف کی تھی، جس میں اسٹار کھلاڑی نے موٹاپے کے خلاف جنگ اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت پر زور دیا تھا۔نیرج چوپڑا نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں 87.58 میٹر دور بھالا پھینک کر طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ وہ ابھینو بندرا کے بعد انفرادی زمرے میں اولمپک گولڈ جیتنے والے دوسرے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔نیرج کے لیے سال 2025 ملا جلا ثابت ہوا۔ انہوں نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں 90 میٹر کا سنگ میل عبور کر کے اپنی مہارت کا ثبوت دیا، تاہم اسی سال ٹوکیو میں منعقدہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں وہ کوئی تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے اس ملاقات سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ملک میں کھیلوں کے کلچر کو مزید فروغ ملے گا۔