جاوید اقبال
مینڈھر//منصف عدالت مینڈھر جیسے اہم عدالتی ادارے میں پینے کے پانی کی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی پر وکلاء برادری نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سینئر ایڈووکیٹ راجہ محمود اور بار ایسوسی ایشن مینڈھر کے نائب صدر نازک شاہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔سینئر ایڈووکیٹ راجہ محمود نے کہا کہ عدالت کے احاطے میں پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم نہ کرنا سراسر لاپرواہی اور ناقابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ محکمہ کو متعدد بار تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا گیا، مگر اس کے باوجود تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اس غفلت کے باعث روزانہ کی بنیاد پر سائلین، وکلاء ، عدالتی عملہ اور عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جس سے عدالتی کارروائی کے باوقار انعقاد میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔انہوں نے اس صورتحال کو عدلیہ کے وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتیں انصاف کی فراہمی کا مرکز ہوتی ہیں اور وہاں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی ریاستی ذمہ داریوں سے کھلی بے اعتنائی ہے۔بار ایسوسی ایشن مینڈھر کے نائب صدر نازک شاہ نے بھی اس معاملے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر پانی کا مستقل اور مناسب کنکشن فراہم نہ کیا گیا تو وکلاء برادری احتجاج پر مجبور ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم فراہمی ایک سنگین انتظامی ناکامی ہے جسے مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وکلاء نے ضلع اور محکمہ کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور منصف عدالت مینڈھر کے احاطے میں بلا تاخیر مستقل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بلا رکاوٹ انصاف تک رسائی حاصل ہو سکے۔