عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروی نے جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کا دورہ کیا ۔اپنے مختصر دورے کے دوران انہوںنے بانی جامعہ مولانا غلام قادرسے ملاقات کی، ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔میاں الطاف احمد ، جو اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ سے منتخب رکن پارلیمان ہیں، اپنے بلند اخلاق، سادگی اور ملنساری کے لئے جانے جاتے ہیں۔ اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود انہوں نے مولانا غلام قادر سے ملاقات کر کے نہ صرف ان کی عیادت کی بلکہ ان کے علمی، دینی اور سماجی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دینی ادارے معاشرے کی اصلاح اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مولانا غلام قادر نے رکن پارلیمان کی آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دعاؤں سے نوازا اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں شخصیات کے درمیان یہ روحانی و علمی ملاقات خطہ پونچھ کے لئے ایک خوشگوار اور مثبت پیغام کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔اس موقع پررکن پارلیمان کے ہمراہ مقامی ایم ایل اے اعجاز احمد جان بھی موجود رہے۔ مولانا غلام قادر نے دونوں مہمانوں کی خدمت میں قرآنِ مقدس کا نسخہ بطورِ ہدیہ پیش کیا، جس پر مہمانوں نے شکریہ ادا کیا۔علاقے کے مذہبی و سماجی حلقوں نے اس ملاقات کو علم، دین اور باہمی احترام کی خوبصورت مثال قرار دیتے ہوئے اسے خطہ کے لئے نیک شگون بتایا۔