عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے مختلف حصوں میں آتشزدگی کے پانچ الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام نے پیر کو بتایا۔آگ لگنے کے واقعات سوپور اور کپواڑہ ضلع کے متعدد مقامات پر پیش آئے، جس سے رہائشی ڈھانچے، گائوں خانے اور ایک عارضی شیڈ متاثر ہوئے۔ایف اینڈ ای ایس حکام کے مطابق سوپور کی شیر کالونی سی میں واقع ایک منزلہ رہائشی مکان کو رات کے وقت آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔ قریبی سٹیشن کے فائر ٹینڈرز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔کپواڑہ کے ہلمت پورہ چیک علاقے میں ایک اور واقعہ میں ایک گائوخانے کو نقصان پہنچا۔حکام نے بتایا کہ ریسپانس ٹیموں نے آگ کو ملحقہ ڈھانچوں تک پھیلنے سے روک دیا۔کلاروس کے ناری کوٹ میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان میں بھی آگ لگ گئی اور عملے کے قابو پانے سے پہلے ہی اسے جزوی نقصان پہنچا۔کپواڑہ ضلع میں دو اور واقعات رپورٹ ہوئے۔قاضی آباد کے ہمپورہ میں ایک منزلہ گائوخانہ میں آگ لگ گئی اور فائر فائٹرز کی مداخلت کے بعد اس پر قابو پالیا گیا۔ سوپور کی ابراہیم کالونی آرام پورہ میں ایک عارضی شیڈ کو معمولی آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔بانڈی پورہ ضلع کے نور کالونی قوئل مقام میں رہائشی مکان میں آگ بھڑک اٹھی اور باورچی خانے میں تمام گھریلو سامان خاکستر ہوگیا ہے جبکہ فائر برگیڈیر عملہ اور مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں سے آگ پر قابو پاگیا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ تمام واقعات پر انسانی جانوں کے ضیاع کے بغیر قابو پالیا گیا۔متاثرہ جگہوں پر نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔محکمہ نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ فائر ٹینڈرز کے لیے رسائی کے راستوں کو صاف رکھ کر ہنگامی حالات میں تعاون کریں۔