عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// قومی راجدھانی دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہفتہ کی صبح بھی شدید کہرا چھایا رہا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ علی الصبح کئی علاقوں میں حدِ نگاہ نہایت کم ریکارڈ کی گئی، جس سے سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک کی رفتار سست رہی اور متعدد مقامات پر گاڑیاں احتیاطا آہستہ چلتی دکھائی دیں۔محکمہ موسمیات ہند(آئی ایم ڈی)نے ہفتہ کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمے کے مطابق دن بھر موسم کی صورتحال خراب رہنے اور شدید کہرے کے برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین نے ڈرائیوروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔فضائی آلودگی کے محاذ پر بھی کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی)کے مطابق صبح 6 بجے دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب سے خطرناک زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ٹی او میں اے کیو آئی 429 تک پہنچ گیا، جب کہ آنند وہار، وویک وہار، جہانگیر پوری، نہرو نگر اور وزیرپور جیسے علاقوں میں بھی اے کیو آئی 417 سے 425 کے درمیان رہا۔بیشتر علاقوں میں اے کیو آئی 400کے آس پاس یا اس سے اوپر رہا، جو تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہرینِ صحت نے بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے، کھلی فضا میں سرگرمیوں سے گریز کرنے اور ضرورت کے وقت ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اس سے قبل جمعہ کے روز بھی کہرے کے باعث ہوائی خدمات بری طرح متاثر رہیں۔