یواین ایس
سرینگر// شوپیان کے ہرپورہ علاقے میں پولیس نے شبانہ کاروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے مبینہ طور پر قابلِ اعتراض پوسٹر برآمد ہوئے ہیں۔ ذرائع نے ہفتہ کے روز اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن ہیرپورہ کی ایک ٹیم نے رات کے وقت ہیرپورہ گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو حراست میں لیا۔ بعد ازاں تلاشی کے دوران قابلِ اعتراض مواد پر مشتمل پوسٹر برآمد ہوئے، جس کے بعد معاملے میں قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس نے اس سلسلے میںایف آئی آر نمبر 73/2025 پولیس سٹیشن ہیرپورہ میں غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ یو اے پی اے کی دفعہ 13 کے تحت درج کر لی ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔گرفتار افراد کی شناخت احسن احمد وگے ولد محمد شفیع وگے، ساکن یاریکھا، ضلع کولگام اور راحیل احمد بٹ ولد محمد امین بٹ ساکن لاسو بونہ پورہ، ضلع کولگام کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران برآمد شدہ مواد کے ماخذ، مقصد اور ممکنہ طور پر اس سے جڑے دیگر افراد کے کردار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔