محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ تعلیم پونچھ کی جانب سے گرلز ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ میں ’قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے پانچ سالہ کامیابیاں، چیلنجز اور آگے کا راستہ‘ کے عنوان سے ایک روزہ ضلعی سطح کا سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں بالخصوص بنیادی خواندگی و عددی مہارت (ایف ایل این) اور اسکل ایجوکیشن پر جامع غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع بھر سے پرنسپلز، ہیڈماسٹرز، زونل ایجوکیشن آفیسرز اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار کا باقاعدہ افتتاح چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مختار منہاس نے روایتی چراغ روشن کر کے کیا۔ پرنسپل گرلز ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ انجمن شاہین نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا۔پروگرام کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد استقبالیہ خطاب میں انجمن شاہین نے این ای پی 2020 کی افادیت اور اسکولی تعلیم میں اس کی انقلابی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پالیسی کا جامع تعارف سینئر لیکچرار ہارون راٹھور نے پیش کیا۔موضوعاتی نشستوں میں ماہر مقررین نے پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔ اجے مینی نے ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم (ای سی سی ای) اور ایف ایل این پر تفصیلی گفتگو کی، جبکہ ہرش کمار شرمانے ڈراپ آؤٹ کی شرح کم کرنے اور مساوی و ہمہ گیر تعلیمی رسائی کی حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالی۔اسی طرح طارق چگتائی نے جامع، مربوط اور دلچسپ نصاب و تدریس پر، درشن کمار نے اساتذہ، وسائل اور اسکول کمپلیکس و کلسٹرز کے ذریعے مؤثر نظم و نسق پر، جبکہ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی کے پرنسپل انور خان نے این ای پی 2020 کے تحت اسکل ایجوکیشن کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔کلیدی خطاب میں چیف ایجوکیشن آفیسر مختار منہاس نے این ای پی 2020 کے مؤثر اور بروقت نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایف ایل این اور اسکل ایجوکیشن کے اہداف کے حصول کے لئے اساتذہ، اسکول سربراہان، منتظمین اور سماج کے تمام فریقین کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے کلاس رومز کو بامعنی سیکھنے کے مراکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اختتام پر پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول چندی مرہ محمد صابر نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے تمام معزز مہمانان، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سیمینار کو ضلع پونچھ میں تعلیمی اصلاحات کی سمت ایک اہم اور نتیجہ خیز قدم قرار دیا گیا۔