محتشم احتشام
پونچھ //عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے ایک مشترکہ خصوصی بازار چیکنگ مہم چلائی گئی۔ اس مہم کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر محکمہ فوڈ سیفٹی طارق محمود نے کی، جن کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی معائنہ ٹیم نے شہر کے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔خصوصی معائنہ ٹیم میں فوڈ سیفٹی ہیڈکوارٹر کے انسپکٹر ظفر اقبال، محکمہ سی اے پی ڈی (سی اے پی ڈی) کے چیف انسپکٹر منموہن سوری، محکمہ میٹرالوجی کے اسسٹنٹ کنٹرولر پشکر راج اور دیگر متعلقہ اہلکار شامل تھے۔ ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں، مٹھائی کی دکانوں، میٹ شاپس اور سبزی فروشوں کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورانِ معائنہ ہوٹلوں اور دکانوں میں صفائی ستھرائی کے معیار، خوراک کی کوالٹی اور حفظانِ صحت سے متعلق اصولوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس دوران تین ایسے تاجر پائے گئے جو کمرشل گیس کنکشن کے بجائے گھریلو گیس سلنڈر استعمال کر رہے تھے، جس پر ان کے خلاف موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان کئے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے کئی دکانوں پر صفائی کے ناقص انتظامات بھی نوٹ کئے، جس پر متعلقہ دکانداروں کو متنبہ کیا گیا، جبکہ متعدد کے عدالتی چالان بھی مرتب کیے گئے۔محکمہ میٹرالوجی کے اسسٹنٹ کنٹرولر پشکر راج نے ترازو اور دیگر پیمائشی آلات کی جانچ پڑتال کی۔ اس دوران کئی تاجروں کے ترازو کی معیاد ختم پائی گئی اور مقررہ وقت پر پاسنگ نہ کروانے کی خلاف ورزی سامنے آئی، جس پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے چالان کیے گئے۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی طارق محمود نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوامی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی، معیار اور سرکاری قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔ تاجر برادری کو ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری نرخ ناموں پر عمل کریں اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی مشترکہ چیکنگ مہمات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو غیر معیاری اشیاء ، ذخیرہ اندوزی اور لوٹ کھسوٹ سے محفوظ رکھا جا سکے۔