جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پولیس پونچھ نے منشیات کے خلاف جاری اپنی مہم کے تحت ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے سرنکوٹ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کی بنیاد پر تھانہ سرنکوٹ کے دائرہ اختیار میں واقع فضل آباد پل پر خصوصی ناکہ قائم کیا گیا۔ اس دوران راہگیروں اور مشتبہ افراد کی باریک بینی سے قانونی تلاشی لی گئی۔ناکہ چیکنگ کے دوران ایک راہگیر کی حرکات و سکنات مشکوک پائی گئیں، جس پر پولیس نے اسے روک کر ذاتی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ٹیپنٹاڈول گولیوں کی 08 پٹیاں، جن میں مجموعی طور پر 80 گولیاں شامل تھیں، جبکہ ٹراماڈول گولیوں کی 03 پٹیاں، جن میں 45 گولیاں شامل تھیں، برآمد کی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات کو موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔گرفتار شخص نے اپنی شناخت امتیاز احمد ولد شبیر احمد، ساکن دھڑہ موہڑہ، تحصیل سرنکوٹ، ضلع پونچھ کے طور پر ظاہر کی۔ پولیس نے اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی۔ اس سلسلے میں تھانہ سرنکوٹ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 20 اور 21 کے تحت ایف آئی آر نمبر 294/2025 درج کی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ گرفتار شخص منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے کس نیٹ ورک سے وابستہ ہے اور اس میں مزید کون کون سے عناصر شامل ہیں۔ ضلع پولیس پونچھ نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سماج کو اس ناسور سے پاک رکھا جا سکے۔