فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ میں جمعہ کی شام اْس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب خانپورہ میں ایک پتھر کی کان کا ایک حصہ اچانک بیٹھ گیا۔واقعے کے بعد گھنا دھواں اور گرد و غبار قصبے کے بڑے حصوں میں پھیل گیا، جن میں خانپورہ، درنگبل، شیری اور اولڈ ٹاؤن شامل ہیں۔ اگرچہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم صورتحال کے مزید بگڑنے کے خدشے کے باعث علاقے میں افرا تفری مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف دوڑتے نظر آئے۔درنگبل علاقے میں گھروں کے احاطوں اور چھتوں پر کئی انچ گرد و غبار جمع ہو گیا۔مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری معدنی کان کنی کی سرگرمیاں علاقے میں رہنے والے لوگوں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال عوامی صحت اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ مقامی باشندوں نے ڈی ایم او بارہمولہ اور ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مزید نقصان کو روکنے اور قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔