عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیر ٹورازم اینڈ الائیڈ بزنس فورم نے جمعہ کونئے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر کا خیرمقدم کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں کشمیر میں سیاحت کو مزید تقویت ملے گی اور نئی بلندیوں تک پہنچے گی۔بات چیت کے دوران فورم نے ڈائریکٹر ٹورازم سے درخواست کی کہ وہ ملک کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں سیاحت کے فروغ کے پروگراموں کو جاری رکھیں اور مزید تعاون کریں، جنہوں نے کشمیر کو ایک ترجیحی عالمی سیاحتی مقام کے طور پر دیکھنے اور بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔فورم کے صدر نے خصوصی طور پر درخواست کی کہ FAM(Familiarization)ٹورز اور تمام بڑے ٹریول مارٹس میں شرکت کو محکمہ سیاحت کے فروغ کے کلیدی جزو کے طور پر شامل کیا جائے۔ڈائریکٹر ٹورازم نے کشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ملک بھر کے پریمیئر ٹریول ایجنٹوں کے ایف اے ایم ٹورز کی تنظیم کی منظوری دی۔اجلاس میں سیاحتی یونٹس کی سیاحتی رجسٹریشن کی تجدید سے متعلق امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ فورم نے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور سیاحوں کو بلا تعطل خدمات کو یقینی بنانے کیلئے ایک ہموار، شفاف اور وقت کے پابند تجدید کے عمل کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں صدر مشتاق احمد چایاکے علاوہ گوہر مقبول سینئر نائب صدر، واحد ملک جنرل سیکریٹری، منظور پختون جوائنٹ جنرل سیکریٹری اور طارق غنی، صدر CCIK نے شرکت کی۔