محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے لئے فخر و مسرت کا لمحہ اس وقت سامنے آیا جب راہل دراوڑ کرکٹ کلب (آر ڈی سی سی) پونچھ کی باصلاحیت کھلاڑی گرکرت کور کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) کے تحت انڈر-15 گرلز پریپریٹری کیمپ کے لئے منتخب کر لیا گیا۔ یہ کیمپ بی سی سی آئی کے زیر اہتمام ہونے والے انڈر-15 ویمن ون ڈے نیشنل چمپئن شپ 2025-26 کے سلسلے میں منعقد کیا جا رہا ہے۔یہ پریپریٹری کیمپ اور بعد ازاں ٹورنامنٹ 2 جنوری 2026 سے 21 جنوری 2026 تک ناگپور اور پڈوچیری میں منعقد ہوگا۔ قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ گرکرت کور کو یہ اعزاز دوسری مرتبہ حاصل ہوا ہے، جو ان کی مسلسل محنت، غیر معمولی کارکردگی اور لگن کا واضح ثبوت ہے۔گرکرت کور، آر ڈی سی سی پونچھ کی ایک نمایاں اسٹار پرفارمر کے طور پر ابھری ہیں اور آج وہ نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پورے خطے کی کم عمر لڑکیوں کے لئے ایک متاثر کن مثال بن چکی ہیں۔ ان کی اس کامیابی کو ضلع پونچھ، سول انتظامیہ، پولیس انتظامیہ، بھارتی فوج، محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ اور اسپورٹس کونسل یونٹ پونچھ کے لئے بھی باعثِ افتخار قرار دیا جا رہا ہے۔اس شاندار کامیابی کا سہرا ہیڈ کوچ این آئی ایس پرویز ملک آفریدی، کوچز سید طلحہ وسیم اور انجینئر کامران خان کے ساتھ ساتھ آر ڈی سی سی مینجمنٹ کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ رہنمائی کو جاتا ہے، جنہوں نے اس باصلاحیت کھلاڑی کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ 2017 سے آر ڈی سی سی پونچھ ضلع میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں سے جوڑنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں مدد ملی ہے۔ گزشتہ برسوں میں اس اکیڈمی سے وابستہ متعدد کھلاڑی ضلعی اور یو ٹی سطح پر مختلف عمر کیٹیگریز میں منتخب ہو چکے ہیں، جو منظم تربیت، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے گرکرت کور کو اس عظیم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔