رمیش کیسر
نوشہرہ//ضلع راجوری کی تحصیل نوشہرہ کے نونیال گاؤں سے پولیس نے ایک 20 سالہ نوجوان کی لاش پْراسرار حالت میں برآمد کی ہے، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی انجام دی گئی اور بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کے لئے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔پولیس نے متوفی کی شناخت سکھ بندر سنگھ عمر 20 سال ولد اندر پال سنگھ، ساکن نونیال کے طور پر کی ہے۔ لاش کی برآمدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور شواہد کو محفوظ کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد لاش کو اہلِ خانہ کے سپرد کر دیا گیا تاکہ وہ آخری رسومات ادا کر سکیں تاہم نوجوان کی موت کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، جس کے باعث معاملہ پْراسرار بنا ہوا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر موت کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جائے گا۔ادھر گاؤں میں نوجوان کی اچانک موت پر غم و اندوہ کی فضا ہے اور اہلِ علاقہ انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ اور باریک بینی سے تفتیش کی جا رہی ہے اور کسی بھی ذمہ دار کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔