عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نشیلی اشیاء کے خلاف جاری سخت کارروائی کے تحت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے ایک مقدمے میں ملوث ملزم کی تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کی ضبطی کی باضابطہ توثیق کر دی گئی ہے۔ یہ کارروائی مجاز اتھارٹی کی جانب سے اسمگلرز اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف بنائے گئے قانون ایس اے ایف ای ایم اے کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔یہ معاملہ ایف آئی آر نمبر 178/2025 سے متعلق ہے جو پولیس اسٹیشن پونچھ میں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعات 8، 21، 22، 29 اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 111 کے تحت درج کی گئی تھی۔ اس مقدمے میں ملزم محمد اقبال ولد غلام نبی، سکنہ سیڑھی خواجہ اور فی الحال کامسر پونچھ، کو منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث پایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد ملزم کی اہلیہ شہناز کوثر کے نام درج ہے، جس میں کامسر علاقے میں واقع 10 مرلہ اراضی پر زیر تعمیر تین منزلہ عمارت شامل ہے۔ یہ جائیداد خسرہ نمبر 2093 کے تحت آتی ہے اور اس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ مذکورہ جائیداد کو پہلے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(ایف) کے تحت ضبط کیا گیا تھا۔بعد ازاں وزارتِ خزانہ، حکومتِ ہند کے تحت کام کرنے والی مجاز اتھارٹی و ایڈمنسٹریٹر ایس اے ایف ای ایم اے نے دفعہ 68(ایف)(2) کے تحت حکم جاری کرتے ہوئے اس ضبطی کی قانونی طور پر تصدیق کر دی۔اس کیس میں مالی تحقیقات پولیس اسٹیشن پونچھ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر انسپکٹر سچندر پال سنگھ نے انجام دیں، جس کے نتیجے میں منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ اثاثوں کی نشاندہی اور ضبطی ممکن ہو سکی۔ضلع پولیس پونچھ نے واضح کیا کہ وہ منشیات کے نیٹ ورک کی مالی بنیاد کو کمزور کرنے کے لئے پْرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروشوں سے متعلق کسی بھی مصدقہ اطلاع کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں، جبکہ مخبروں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔