مشتاق الاسلام
پلوامہ //ملی ٹینسی کے خلاف جاری مہم میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر پلوامہ پولیس نے درج ایف آئی آر نمبر 289/2020 کے تحت ایک سنگین ملک دشمن کے مقدمے میں ملزم کو سزا دلوا کر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس مقدمے میں گرفتار ملزم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے معزز عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا، جس کے بعد عدالتی کارروائی منطقی انجام تک پہنچی۔ پولیس کے مطالق یہ مقدمہ یکم دسمبر 2020 کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات 16، 18، 19 اور 20، دفعہ 307 تعزیراتِ ہند اور آرمز ایکٹ کی دفعات 7/27 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ سزا پانے والے ملزم کی شناخت ضمیر صادق لون ولد محمد صادق لون، ساکن ٹیکن بٹہ پورہ، ضلع پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے، جسے یکم نومبر 2021 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس میں ملوث تین دیگر ملی ٹینٹ پہلے ہی سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں مارے جا چکے ہیں۔مقدمے کی ابتدائی تفتیش ڈی ایس پی محمد شفیع نے انجام دی، جبکہ بعد ازاں مزید تفتیش مکمل کر کے چالان ڈی ایس پی شوکت رفیق کی جانب سے پیش کیا گیا۔ یہ کیس 27 اپریل 2022 کواین آئی اے عدالت میں دائر کیا گیا، جہاں یکم جون 2022 کو باقاعدہ طور پر الزامات عائد کیے گئے۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ملزم کو چار سال اور چار ماہ قیدِ سزا اور 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔