عظمیٰ نیوز سروس
کوچی// ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایک پرواز میں تکنیکی خرابی سامنے آنے کے بعد کیرالہ کے کوچی میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی، جس سے ایک بڑے فضائی حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا۔ اس پرواز میں تقریباً 160 مسافر سوار تھے، تمام مسافر محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔تفصیلات کے مطابق، ایئر انڈیا ایکسپریس کی فلائٹ اے آئی ای398 سعودی عرب کے جدہ سے روانہ ہو کر کوزیکوڈ جا رہی تھی۔ دورانِ پرواز پائلٹ کو طیارے کے لینڈنگ گیئر میں غیر معمولی خرابی کا احساس ہوا۔ صورتِ حال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے فوری طور پر کوچی کے کوچین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف پرواز کو موڑنے اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ہنگامی پیغام موصول ہوتے ہی ایئرپورٹ انتظامیہ نے تمام ایمرجنسی پروٹوکول فعال کر دیے۔ فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں، طبی عملہ اور سکیورٹی اہلکار پہلے سے ہی رن وے پر تعینات کر دیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ طیارہ صبح تقریباً 9 بج کر 7 منٹ پر بحفاظت لینڈ ہوا۔لینڈنگ کے بعد کی جانے والی ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ طیارے کے دو ٹائر پھٹ چکے تھے، جس سے خرابی کی سنگینی کی تصدیق ہو گئی۔ حکام کے مطابق، اگر بروقت فیصلہ نہ لیا جاتا تو صورتِ حال زیادہ سنگین ہو سکتی تھی۔ فلائٹ کریو کے فوری اور دانشمندانہ اقدام کو ایوی ایشن ماہرین نے درست اور بروقت قرار دیا ہے۔