عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/گھنے کہرے اور کم حد نگاہ کے باعث دہلی، چنڈی گڑھ، پٹنہ اور شمالی و مشرقی ہندوستان کے دیگر ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے جس کے پیش نظر متعدد ایئرلائنز نے مسافروں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔ایئر انڈیا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں دہلی سمیت کئی ہوائی اڈوں پرگھنا کہرا پروازوں کو متاثر کر سکتا ہےاور اس کا ممکنہ اثر اس کے پورے نیٹ ورک پر پڑ سکتا ہے۔ایئرلائن نے کہا، ’’آپ کے سفر کی بہتر منصوبہ بندی میں مدد کے لیے، خصوصاً تہواروں کے سیزن کے دوران، ہماری گزارش ہے کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے قبل اپنا ’فلائٹ اسٹیٹس‘ اچھی طرح چیک کر لیں۔ مسافروں کی سہولت کی غرض سے ایئر انڈیا نے کہرے سے متعلق رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے کئی پیشگی اقدامات کیے ہیں۔ تاہم اگر گھنے کہرے کے باعث اچانک پروازیں منسوخ ہو جائیں یا غیر معمولی تاخیر ہو تو ہمارے گراؤنڈ اسٹاف کے اہلکار 24 گھنٹے آپ کی مدد کے لیے دستیاب رہیں گے اور متبادل انتظامات کریں گے۔‘‘
ایئرلائن کی ’فوگ کیئر‘ پہل کے تحت متاثر ہونے والی پروازوں کے مسافروں کو پہلے ہی اطلاع دی جائے گی اور وہ بغیر کسی اضافی فیس کے پرواز تبدیل کر سکتے ہیں یا بغیر کسی جرمانے کے مکمل کرایہ واپس لے سکتے ہیں۔انڈیگو نے کہا، ’’شمالی اور مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں کہرے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے حد نگاہ کم ہو سکتی ہے اور ابتدائی اوقات میں پروازوں کی رفتار سست پڑ سکتی ہے۔ حفاظتی نقطۂ نظر سے بعض پروازوں میں تاخیر یا تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔ ہوائی اڈوں پر ہماری ٹیمیں مکمل طور پر تیار ہیں۔‘‘انڈیگو نے یہ بھی خبردار کیا کہ کہرے کی صورتحال سڑکوں کی آمد و رفت کو بھی متاثر کر سکتی ہے اس لیے مسافر اضافی وقت رکھ کر ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوں۔اسپائس جیٹ نے بھی ایک ایڈوایزری جاری کی ہے جس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ پٹنہ اور دہلی میں گھنا کہرا زمینی آمد و رفت اور پروازوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ ایئرلائن نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل اپنا فلائٹ اسٹیٹس ضرور چیک کریں۔
گھنے کہرے سے شمالی اور مشرقی ہندوستان میں پروازیں متاثر، ایئرلائنز نے مسافروں کے لیے ہدایات جاری کیں