عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// رکن پارلیمان بارہمولہ انجینئررشید نے کل پارلیمنٹ میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) پر بحث کے دوران جذباتی تقریر کی، جس میں انہوں نے سخت قوانین کی انسانی قیمت اور زیر سماعت قیدیوں کی طویل قید کو اجاگر کیا۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے انجینئررشیدنے کہا کہ اگرچہ حکومت نے مناسب غور و فکر کے بعد قوانین بنائے ہوں گے لیکن اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ قوانین عام شہریوں پر کس طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔ 140کروڑ ہم وطنوںسے مخاطب ہوتے ہوئے ایک نظم کے ذریعے انہوں نے کہا کہ سوچ کی آزادی تیزی سے محدود ہوتی جارہی ہے اور یہ طاقت چند لوگوں کے ہاتھوں میں مرکوز ہوگئی ہے۔یو اے پی اے کا حوالہ دیتے ہوئے انجینئررشید نے کہا کہ قومی سلامتی سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے، لیکن دہشت گرد اور ایک عام شہری کے درمیان واضح طور پر فرق کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سیکشن 43D(5) اور 43D جیسی دفعات کے تحت، ایک ملزم کو مقدمے کی سماعت سے پہلے ہی بے گناہی ثابت کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے اور اس کے نتیجے میں ہزاروں لوگ برسوں سے جیلوں میں پڑے رہتے ہیں۔انہوںنے کانگریس اور اتحادیوں (یو پی اے) کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا جس نے اصل میں یو اے پی اے کو متعارف کرایا تھا۔ یہ ریمارک کرتے ہوئے کہ اقلیتیں اس کے سخت اطلاق سے غیر متناسب طور پر متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ قومی سلامتی کو کمزور کیے بغیر “انسانیت کے ثبوت” کے طور پر قانون میں ترامیم پیش کرے۔وزیر اعظم نریندر مودی سے براہ راست اپیل کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “آپ کہتے ہیں ‘مودی ہے تو ممکن ہے’، براہ کرم آج ہی دکھائیں،” اور بے گناہ نظربندوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے کچھ سخت سیکشنز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پورے ملک میں یکساں قوانین کے دعووں کے باوجود پی ایس اے کے مسلسل استعمال کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس دلیل کو جموں و کشمیر سے بھی جوڑا۔ایک جذباتی نوٹ پر اختتام کرتے ہوئے انجینئررشید نے کہا کہ جب رام جلاوطنی کے بعد گھر واپس آئے، لاتعداد “سیتا” اب بھی اپنے “رام” کے انتظار میں ہیں، کیونکہ یو اے پی اے کی “ننگی تلوار” کی وجہ سے بے گناہ لوگ ایک دہائی یا اس سے زیادہ عرصے تک سلاخوں کے پیچھے ہیں۔