اشرف چراغ +غلام نبی رینہ
کپوارہ/کنگن//کپوارہ کے ترہگام علاقہ میں سڑک کی تعمیر کے دوران دھماکے میں پتھر کو چو ٹ لگنے سے ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زرہامہ سے جمہ گنڈ تک سڑک کی تعمیر جاری ہے جس کے دوران پتو کھا گلی کے نزدیک سڑک کی تعمیر کے دوران پتھر کا دھماکہ کیا گیا اور اس پتھر کے ٹکڑا لگنے سے ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔فوجی اہلکار زبیر احمد کو فوری طور زخمی حالت میں درگمولہ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرو ں نے انہیں مردہ قراردیا ۔ادھرکرگل ضلع کے پاندراس میں فوج اور پولیس نے نالے کے نزدیک ایک گرنیڈ کو ناکارہ بنادیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سنیچرکو انہوں نے پاندرواس جہاں پر ایک ٹینکر کو حادثہ پیش آیا تھا پر ایک ہینڈ گرنیڈ دیکھا جس کے بعد اس بارے میں فوج کو مطلع کیا گیا ۔ فوج اور پولیس نے جائے موقع پر گرنیڈ کو ناکارہ بنادیا ۔پولیس نے بتایا کہ شاید یہ گرنیڈ1999 کرگل جنگ کے دوران کا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران پولیس نے رات کے دوران نٹی پورہ سرینگر میں قبرستان سے اسلحہ بارود اور دیگر مشکوک مواد برآمد کیا جو غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں ضبط کیا گیا ۔حکام کے مطابق یہ کارروائی سب ڈویژنل پولیس آفیسر ویسٹ کی قیادت میں کی گئی جس میں فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم اور نائب تحصیلدار بھی شامل تھے ۔یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 119 2025 کے تحت کی گئی جو پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں درج ہے اور یو اے پی اے کی دفعہ 13 کے تحت تحقیقات جاری ہے ۔تلاشی کے دوران ایک چینی دستی بم تقریباً سو گرام بارود بیس پوسٹر اور اے کے 47 کی10گولیاں برآمد ہوئیں ۔برآمدگی قبرستان کے احاطے سے عمل میں آئی اور متعلقہ افسران کی موجودگی میں ضبط کی گئی ۔ایس ایس پی سری نگر نے کہا کہ ضبط شدہ مواد مزید جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے تاکہ معلوم ہو سکے یہ اسلحہ کہاں سے آیا اور اس میں کون ملوث ہے ۔