عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری آف انڈیا (FTII)کشمیر چیپٹر نے سرینگر میں اپنی دوسری جنرل باڈی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس سیشن کا مقصد تجارتی برادری کو درپیش اہم چیلنجوں کا از سر نو جائزہ لینا تھا، جس میں کور کمیٹی کے اراکین بشمول جنرل سیکرٹری عفیر اعجاز کتاب اور چیپٹر کے صدر انجینئرشوکت قیوم کی قیمتی تجاویزمقامی کاروباری لین دین کو متاثر کرنے والے آپریشنل مسائل پر مرکوز تھی اوربات چیت میں موثر فیصلہ سازی کیلئے صحت مند مکالمے کو فروغ دینا شامل تھا۔کمیٹی کے اراکین بلال احمد وانی (نائب صدر)، قاصر احمد(سیکرٹری)اور سجاد احمد کوچھے (جوائنٹ سیکریٹری)نے تجارت اور صنعت کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے قابل عمل حکمت عملی وضع کی۔ صوبائی انتظامیہ بالخصوص ڈویژنل کمشنر کشمیر، ڈپٹی کمشنروں اور جے اینڈ کے بینک کی خصوصی تعریف کی گئی۔جموں و کشمیربینک کے چیئرمین اور اس کی اعلیٰ انتظامیہ کو بھی مشن یووا اقدام کو نافذ کرنے میں ان کی اہم حمایت کا اعتراف کیا گیا، جس سے مقامی روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوا ۔مزید برآں، ایف ٹی آئی آئی نے ایمپلائمنٹ ایکسچینج، خاص طور پر ایس بی ڈی یو (سنگل ونڈو کلیئرنس سسٹم)اور بی ایچ ڈی ایس (بزنس ہوم ڈیلیوری سسٹم)کے ضروری کردار پر روشنی ڈالی۔