رمیش کیسر
راجوری//جموں سے نوشہرہ کی طرف آ رہا ایک ٹیمپو ٹریولر کالی دار کے مقام پر ایک دردناک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 مسافروں کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ حادثہ کالی دھار کے قریب کچورا علاقے میں پیش آیا، جہاں تیز رفتاری یا سڑک پر پھسلن کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے پھسلتی ہوئی ایک گہری کھائی میں جا گری۔حادثے کے فوراً بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمی مسافروں کو کھائی سے باہر نکالا۔ بعد ازاں زخمیوں کو قریبی چوکی چورا ٹروما ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں اور طبی عملے نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر ڈاکٹروں نے تمام زخمیوں کو بہتر اور خصوصی علاج کے لئے جموں میڈیکل کالج ریفر کر دیا ہے۔ ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو جموں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا مزید علاج جاری ہے۔جانکاری کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافر نوشہرہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں تاہم تا دم تحریر زخمیوں کے نام اور مکمل شناخت سامنے نہیں آ سکی تھی۔ادھر واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔