عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نجی سکولوں کی جانب سے مبینہ طور پر زیادہ سالانہ فیس وصول کرنے کے حوالے سے والدین کی بڑھتی ہوئی شکایات کے درمیان، فیس فکسیشن کمیٹی نے اتوار کو متاثرہ والدین سے کہا کہ وہ ازالے کے لیے مقررہ چینل کے ذریعے باضابطہ طور پر کمیٹی سے رجوع کریں۔فیس فکسیشن کمیٹی چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ)سنیل حالی نے بتایا کہ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اپنا سرکاری ای میل ایڈریس پہلے ہی فراہم کر دیا ہے، جہاں والدین متعلقہ دستاویزات کے ساتھ تفصیلی شکایات جمع کرا سکتے ہیں۔جسٹس حالی نے کہا کہ ایک بار شکایات موصول ہونے کے بعد، کمیٹی معاملے کی جانچ کرے گی اور اگر شکایات درست پائی جائیں تو کارروائی شروع کرے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پرائیویٹ سکول فیس فکسیشن کمیٹی کے جاری کردہ اصولوں اور احکامات کے پابند ہیں اور والدین پر من مانی یا بلا جواز چارجز نہیں لگا سکتے۔ چیئرمین نے والدین کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا اور خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ غیر رسمی چینلز سے گریز کریں اور اس کے بجائے بروقت اور موثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری طریقہ کار کا استعمال کریں۔