عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے ہفتے کے روز سرینگر میں شہربھر میں کارروائی کے دوران مبینہ طور پر کالعدم ملی ٹینٹوں تنظیموں سے منسلک 200کے قریب سابق اوور گرائونڈ کارکنوں و سابق ملی ٹینٹوں کو متعلقہ تھانوں میں طلب کیا۔ذرائع کے مطابق اوور گرائونڈ کارکنوں کو شہر بھر کے متعلقہ تھانوں میں بلایا گیا اور مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔ یہ حراستیں مقامی پولیس یونٹس اور دیگر سیکورٹی ونگوں کی ٹیموں نے حفاظتی اور انٹیلی جنس پر مبنی اقدامات کے حصے کے طور پر کیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پوچھ گچھ کا مقصد ملی ٹینسی کے سپورٹ نیٹ ورکس بشمول لاجسٹک اور سہولت کاری کے کردار سے متعلق معلومات کی تصدیق کرنا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد سے سرینگر کے مختلف تھانوں میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ابھی تک کسی گرفتاری کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔