عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس نے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر وادی کشمیر کے مختلف حصوں میں ملی ٹینٹوں کے اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے، جس دوران 150 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ اب تک سرینگر میں 150 سے زیادہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ وادی کے مختلف علاقوں میں او جی ڈبلیوز کے خلاف کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن کالعدم تنظیم جیشِ محمد اور دیگر ملی ٹینٹ تنظیموں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق، او جی ڈبلیو نیٹ ورک کے خلاف اس بڑے کریک ڈاؤن کے تحت وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے پورے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل آج، لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے خاتمے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ملی ٹینسی کے ہمدردوں اور حمایتیوں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔
کشمیر میں او جی ڈبلیو نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی، پولیس چھاپوں میں 150سے زائد افراد حراست میں