سمت بھارگو
راجوری//وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جمعرات کو کاؤنٹر انسرجنسی فورس (سی آئی ایف) رومیو کے جوانوں سے ملاقات کے دوران اندرونی علاقوں میں مشن ریڈینس برقرار رکھنے اور آپریشنل کنڈکٹ کے اعلیٰ ترین معیار پر کاربند رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔یہ ملاقات راجوری ضلع کی تحصیل کالا کوٹ کے علاقے میتھیانِ گالا میں سی آئی ایف رومیو کے کیمپ میں ہوئی، جہاں جی او سی وائٹ نائٹ کور نے آپریشنل صورتحال اور سیکورٹی ماحول کا آن گراؤنڈ جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ جی او سی رومیو فورس، میجر جنرل وی مہادیون بھی موجود تھے۔فوج کے مطابق، اس دورے کا بنیادی مقصد علاقے کی مجموعی سیکورٹی فضا کا مشاہدہ کرنا، تعینات دستوں کی تیاری کا جائزہ لینا اور انسدادِ بغاوت کارروائیوں کی سپورٹ میں قائم آپریشنل ڈھانچے کو پرکھنا تھا۔ دورے کے دوران جی او سی نے جوانوں سے بات چیت کی اور انہیں مشن پر مبنی ذمہ داریوں، رابطہ کاری کے نظام اور میدانِ عمل میں اپنائی گئی حکمت عملیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔فوج کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے رومیو فورس کے تمام رینکس کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور فرض شناسی کی تعریف کی۔ انہوں نے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت چوکنا رہیں، آپریشنل کنڈکٹ کے بہترین معیارات کو برقرار رکھیں اور ہنٹرلینڈ میں سیکورٹی کی مضبوط فضا قائم رکھنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔