یو این آئی
دبئی/ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل فل ممبر ٹیموں کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل اب کسی فل ممبر کی مزید کسی سیریز کا امکان ختم ہو گیا ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے پہلے فل ممبر ٹیمیں کتنے ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی تفصیلات سامنے آ گئیں۔افغانستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کوئی میچ نہیں کھیلیں گے جبکہ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیل رہی ہے جبکہ ہندوستانی کی ٹیم جنوری میں نیوزی لینڈ کے ساتھ 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی ہوم سیریز کھیلے گی۔پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل 6 میچز کھیلے گی۔ جنوری میں 3 میچز سری لنکا میں جبکہ 3 ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے ساتھ ہوں گے ۔انگلینڈ نے سری لنکا میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز جنوری میں کھیلنے ہیں اور جنوبی افریقہ ہندوستان میں سیریز کھیل رہی ہے جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم جنوب افریقہ کا دورہ کرے گی۔ دسمبر جنوری میں ہندوستانی ٹیم سب سے زیادہ 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 8 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ میزبان سری لنکا کرکٹ ٹیم بھی ہوم گراؤنڈ پر 6 میچز کھیلے گی اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو تین تین ٹی ٹوئنٹی میچز مل رہے ہیں۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک ہندوستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔