سمت بھارگو
راجوری//پونچھ کے گھنے جنگلات میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح وسیع سطح پر اینٹی ٹیرر کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس کارروائی میں انڈین آرمی، پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں، جن کا مقصد علاقے میں موجود مشتبہ ملی ٹینوںکو تلاش کرکے نشانہ بنانا ہے۔سرکاری حکام نے بتایا کہ کاسو بدھ کی علی الصبح شروع کیا گیا اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک یہ کارروائی مسلسل جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جنگلات میں کچھ مشکوک افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی جس کے بعد فورسز نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پورے علاقے کو گھیرے میں لیا۔اس تلاشی کارروائی میں خاص طور پر دیرہ کی گلی ،ڈنار اورمڑھ کے گھنے جنگلات کو شامل کیا گیا ہے، جہاں سیکورٹی فورسز گھر گھر اور جنگل کے اندرونی حصوں تک باریک بینی سے تلاش کر رہی ہیں۔ علاقے کی جغرافیائی ساخت اور گھنے درختوں کی وجہ سے کارروائی انتہائی حساس اور چیلنجنگ بتائی جا رہی ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ مہم کے دوران فورسز نہ صرف زمینی راستوں بلکہ اطراف کے پہاڑی علاقوں پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کے فرار کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔ علاقے میں ہائی الرٹ جاری ہے جبکہ مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں سے دور رہیں اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔فورسز کی جانب سے یہ کارروائی اس وقت کی جا رہی ہے جب حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ امن و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔