عشرت حسین بٹ
پونچھ/چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کی جانب سے ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں آوارہ کتوں کے مسائل کی نگرانی اور ان سے متعلق امور کے لیے ایک نوڈل افسر نامزد کریں۔ یہ حکم 3 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر پونچھ کی زیرِ صدارت ایک میٹنگ میں جاری کیا گیا، جس میں آوارہ کتوں کے مسائل اور نگرانی پر کیلئے نوڈل افسر مقرر کرنے کی سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے ۔
آرڈر کے مطابق یہ کہا گیا ہے کہ ہر اسکول کو کتوں کے مسائل کیلئے باضابطہ طور نوڈل افسر مقرر کرنا ہوگا ۔ حکم نامے میں یہ لکھا گیا ہے کہ نامز نوڈل آفیسر درج ذیل ذمہ داریاں نبھائے گا۔
آوارہ کتوں سے متعلق واقعات اور شکایات کی رپورٹنگ۔
ضروری کارروائی کے لیے میونسپلٹی، محکمہ حیوانات یا متعلقہ مقامی اداروں سے رابطہ۔
عملے اور طلباء میں تحفظ اور بیداری کو یقینی بنانا۔
مزید یہ بھی لازم قرار دیا گیا ہے کہ اسکول اپنے نامزد نوڈل افسر کا نام، عہدہ اور رابطہ نمبر اسکول کی دیوار یا مرکزی دروازے پر نمایاں طور پر آویزاں کریں، تاکہ عوام کو اس کی معلومات دستیاب رہیں۔حکم نامے میں تمام DDOs اور HOIs کو دو دن کے اندر نوڈل افسران کی تفصیلات دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔یہ احکامات چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اور ان کی نقل ڈپٹی کمشنر پونچھ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں اور جوائنٹ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پونچھ۔راجوری کو بھی بھیجی گئی ہے۔
چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کا اہم فرمان:تمام سرکاری و نجی اسکولوںکو آوارہ کتوں کے مسائل اور نگرانی کیلئے نوڈل افسر مقرر کرنے کی ہدایت