یو این ایس
سرینگر // جموں و کشمیر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن نے یونین ٹیریٹری سطح پر ضلعی آرم ریسلنگ مقابلوں کا باضابطہ آغاز کیا، جس کے افتتاحی مقابلے ا نڈور اسٹیڈیم پولو ویو سرینگرمیں منعقد ہوا۔افتتاحی مقابلے میں مختلف عمر اور وزن کے زمروں ، پری جونیئر، جونیئر اورسنیئر میں نوجوانوں نے حصہ لیا۔ ٹیم کے کوچ شوکت احمد نروری نے بھی اس موقع پر کھلاڑیوں کی تیاریوں اور آئندہ مقابلوں میں متوقع شرکت کے بارے میںتفصیلات کا اشتراک کیا۔ ضلع سرینگرسے کل 130 کے قریب کھلاڑیوں نے اس مقابلے میں شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر ایسو سی ایشن کے صدر فاروق احمد ڈار نے مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں اسناد اور ایوارڈ تقسیم کیے۔ تقریب کے دوران میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد ڈار نے کہا ‘‘ہمیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ضلعی سطح کے آرم ریسلنگ مقابلوں کا آغاز سرینگر سے ہورہا ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کا رجحان بڑھانا ہے اور انہیں بڑے یو ٹی سطح کے مقابلے کیلئے تیار کرنا ہے۔ اس طرح کے صحت مند مقابلے نوجوانوں کو جسمانی طور پر مضبوط اور ذہنی طور پر مرکوز رکھتے ہیں۔‘‘ایسوسی ایشن کے مطابق یہ مقابلے مقررہ شیڈول کے مطابق جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی مرحلہ وار منعقد کیے جائیں گے، جو آئندہ جنوری۔فروری 2026 میں ہونے والے گرینڈ یو ٹی سطح کے مقابلے کی تیاری کا حصہ ہیں۔