عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر کاپر ورکرز ٹریڈ یونین نے اتوار کونوہٹہ میں ایک سمینار کا انعقاد کیا، جس میں سرینگر اور اس کے اطراف سے تانبے کی صنعت سے وابستہ سینکڑوں کاریگر وںاور مزدوروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق کمیٹی کی تحلیل کے ساتھ نئی ایگزیکٹو ٹیم نے حلف لیا۔ جان محمد مسگر کو کشمیر کاپر ورکرز ٹریڈ یونین کا نیا صدر منتخب کیا گیا، جنہیں ارکان نے خوش آمدید کیا اور ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔سابق صدر محمد یوسف ککرو کو انتہائی محبت اور احترام کے ساتھ الوداع کیا گیا اورسمینار میں موجود مقررین نے ان کی کاپر ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے طویل اور بے لوث خدمات کو سراہا۔KTMFکے صدر محمد یاسین خان نے سمینار میں خطاب کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ فیڈریشن کاپر کاریگروں کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور ان کے حقوق کا دفاع کرے گی۔یونین نے سمینار میں شرکت کرنے والے تماممہمانوں، شرکا اور کاریگروں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ کاپر ورکرز کی فلاح و
بہبود، حقوق اور شناخت کے لئے کام کرتی رہے گی۔اس موقع پر ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کے ڈائریکٹر مسرت الاسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر مرزا شاہد علی، ایم ایل اے سلمان علی ساگر، ایس ڈی پی او مہاراج گنج جنید ولی، ایس ایچ او نوہٹہ ناصر احمد سمیت مختلف افرادموجود تھے۔