عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی)نے ملتوی کرنے کی وسیع اپیلوں کے باوجود ہفتہ کو اعلان کیا کہ جے کے اے ایس کا ابتدائی ( پرلمنری)امتحان 7 دسمبر کو پہلے سے مرتب کردہ شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔ پی ایس سی چیئرمین ارون کمار چودھری نے کہا کہ کمیشن نے امتحان ملتوی کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔انہوں نے سبھی امیدواروں پر زور دیا کہ وہ اسی ٹائم ٹیبل کے مطابق چلیں جو پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے اور امتحانی مراکز میں وقت پر حاضر رہیں۔انہوں نے کہا کہ امتحان “شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔پبلک سروس کمیشن کی طرف سے جاری وضاحت اس افرا تفری کے درمیان آئی ہے جو ان امتحانات کو یکر پچھلے کئی روز سے چلی آرہی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس کے پرلمنری امتحان کا معاملہ اس وجہ سے جموں و کشمیر میں باعث موضوع بن گیا ہے کیونکہ امیدواروں کی عمر کی حد میں کمی کرنے کی تجویز کے بارے میں یوٹی حکومت نے کابینہ میٹنگ میں منظوری دی تھی لیکن اس کابینہ فیصلے پر عمدرآمد نہیں ہوسکا۔