عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے قومی شاہراہوں پر مواصلاتی نظام پر مبنی حفاظتی الرٹ سسٹم شروع کرنے کے لیے ریلائنس جیو کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔اس معاہدے کے تحت حادثات کے زیادہ امکان والے، آوارہ جانوروں کی موجودگی والے، دھند سے متاثرہ علاقوں اور ہنگامی موڑ جیسے خطرناک مقامات کے بارے میں مسافروں کو ان کے موبائل فون پر پیشگی اطلاع دی جائے گی۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قومی شاہراہ استعمال کرنے والوں کو بروقت معلومات فراہم کر کے سڑک کی حفاظت کو مضبوط بنانا ہے جس سے ڈرائیور ہوشیار ہو کر گاڑی چلائیں گے۔ اس نظام کے تحت، شاہراہ استعمال کرنے والوں کو ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور اعلیٰ ترجیحی کالز کے ذریعے الرٹ کیا جا سکے گا۔
اس نظام کو این ایچ اے آئی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، جن میں’راج مارگ یاترا‘ موبائل ایپلیکیشن اور ہنگامی ہیلپ لائن نمبر 1033 شامل ہیں، کے ساتھ مرحلہ وار طریقے سے مربوط کیا جائے گا۔ یہ خودکار نظام قومی شاہراہوں پر یا اس کے آس پاس موجود تمام جیو موبائل صارفین کے لیے کام کرے گا۔اتھارٹی کے صدر سنتوش کمار یادو نے کہا کہ یہ اقدام مسافروں کو بروقت اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے وہ محفوظ ڈرائیونگ کےطریقے اپنا سکیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ پہل قومی شاہراہوں پر ٹیکنالوجی کے ذریعے سڑک کی حفاظت کے انتظام میں ایک نیا معیار قائم کرے گی۔ریلائنس جیو کے صدر جیوتیندر ٹھاکر نے کہا کہ یہ اقدام جیو کے وسیع ٹیلی کام نیٹ ورک کی رسائی کو استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بروقت حفاظتی الرٹ فراہم کرتا ہے جس سے قومی شاہراہوں پر سفر زیادہ محفوظ ہو جائے گا۔
قومی شاہراہوں پر مسافروں کو خطرناک علاقوں کی پیشگی اطلاع موبائل پر ملے گی