یو این آئی
واشنگٹن/فیفا ورلڈ کپ 2026کے لئے میچوں کا تازہ ترین شیڈول ہفتہ 6دسمبر کو واشنگٹن ڈی سی سے براہِ راست عالمی نشریات کے ذریعے جاری کیا جائے گا، یہ اعلان فائنل ڈرا کے تقریباً 24 گھنٹے بعد کیا جا رہا ہے جس میں پہلی بار ٹورنامنٹ کے 12 غیر معمولی گروپس (چار ٹیموں پر مشتمل) سامنے لائے گئے ہیں۔فیفا صدر جیانی انفانتینو اس اہم تقریب میں سٹیج پر فیفا لیجنڈز کے ہمراہ میچ شیڈول کی رونمائی کریں گے جبکہ ہال میں 42 کوالیفائیڈ ٹیموں کے نمائندے اور وہ ٹیمیں بھی موجود ہوں گی جو اب بھی کوالیفکیشن کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اس موقع پر ماہرین میچ اپس کا تجزیہ کریں گے ، اہم کہانیوں اور مقابلوں پر روشنی ڈالیں گے اور جون و جولائی میں دنیا کی میزبانی کرنے والے شہروں کے حوالے سے قیمتی آراء پیش کریں گے ۔ لائیو نشریات کے دوران تمام 104 میچز کے مقامات اور کِک آف کے اوقات کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی۔ یہ نشریات فیفا کے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بشمول فیفا ڈاٹ کام اور فیفا یوٹیوب چینل پر براہِ راست دکھائی جائیں گی جبکہ دنیا بھر کے براڈکاسٹرز کے لئے بھی لائیو فیڈ دستیاب ہوگا تاکہ شائقین حقیقی وقت میں تمام اعلانات دیکھ سکیں۔ ڈرا کے بعد شروع ہونے والا میچ الاٹمنٹ کا یہ عمل اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے کہ تمام ٹیموں اور شائقین کو بہترین ممکنہ حالات میسر ہوں جبکہ مختلف ٹائم زونز میں موجود مداحوں کو اپنی پسندیدہ ٹیموں کے میچز دیکھنے کا زیادہ سے زیادہ موقع مل سکے ۔ میچ شیڈول کا حتمی ورژن مارچ میں جاری کیا جائے گا، جب فیفا اور یورپی پلے آف مکمل ہونے کے بعد باقی چھ ٹیمیں بھی فائنل مرحلے میں شامل ہو جائیں گی۔ تین ممالک اور 16 میزبان شہروں میں جوش و خروش اپنے عروج پر ہے اور اب تک تقریباً 20 لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ فائنل ڈرا کے بعد میچ شیڈول کی رونمائی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل تصور کی جا رہی ہے جو کھیل کی تاریخ کا ایک انقلابی ایونٹ ثابت ہونے جا رہا ہے ۔